مظفرآباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سول سوسائٹی کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ اس ملاقات میں پاک فوج کے تعلقات عامہ کے سربراہ اور کشمیری سول سوسائٹی کے نمائندوں کے درمیان مفصل سوال و جواب کا سلسلہ ہوا۔
شرکاء نے اس موقع پر زور دیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہمیشہ رہے گی اور کسی بھی عالمی قوت کے ہاتھ نہیں لگے گی۔ کشمیری عوام نے پاک فوج کے جذبے اور قربانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو کشمیری روایتی لباس پیش کیا۔
اجلاس میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بہادری کو سراہا گیا اور شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے بلند کر کے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ کشمیری سول سوسائٹی نے نعرے لگائے کہ کشمیری ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور کشمیر پاکستان ہی بنے گا۔
