پاکستان اور کرغزستان کا باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم سے کرغزستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ عزت مآب عادل بیسالوف کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ یہ وفد پاکستان اور کرغزستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (IGC) کے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے، جس کا مقصد مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔
وزیراعظم نے کرغیز وفد کا خیرمقدم کیا اور آئی جی سی کے کامیاب انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پروٹوکولز اور مختلف مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کو تجارتی، توانائی، رابطوں اور عوامی سطح پر تعاون کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ آئی جی سی کے تحت ہونے والے فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد ضروری ہے تاکہ ان معاہدوں کو عملی نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔
عادل بیسالوف نے بھی پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے اقدامات کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ آئی جی سی کے مثبت نتائج دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط اور نتیجہ خیز تعاون کا باعث بنیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات کے لیے مشترکہ کوششوں اور پائیدار شراکت داری کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں