ڈھاکہ میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی ہو گئی۔ ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں دونوں ٹیموں کے کپتان سلمان علی آغا اور لٹن داس نے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ میں شرکت کی۔
تین میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز اتوار 20 جولائی سے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں ہوگا، جو شام 5 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق) شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا جبکہ بنگلا دیش کی قیادت لٹن داس کریں گے۔
پاکستانی اسکواڈ ڈھاکہ پہنچنے کے بعد جمعہ کے روز اپنا پہلا تربیتی سیشن مکمل کرچکا ہے، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر بھرپور توجہ دی گئی۔
تینوں میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں مئی میں پاکستان میں آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں پاکستان نے 0-3 سے سیریز اپنے نام کی تھی۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جو 300 ٹکہ سے 3,500 ٹکہ کے درمیان ہوں گی تاکہ ہر طبقے کے شائقین شرکت کر سکیں۔ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 15 جولائی سے جاری ہے۔
پاکستانی اسکواڈ: سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا، سفیان مقیم
بنگلا دیشی اسکواڈ: لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن تمیم، پرویز حسین ایمون، محمد نعیم شیخ، توحید ہردوئے، جاکر علی انک، شمیم حسین پٹواری، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، شاک مہدی حسن، نسوم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شوریف الاسلام، تنزیم حسن ساکب، محمد سیف الدین
