آج کی تاریخ

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان براہِ راست پروازوں اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے بنگلا دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اے ایف ایم خالد حسین نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی جلد بحالی اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
پی ایم ہاؤس کے بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عوامی روابط پر مبنی ہیں اور انہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں اور پروفیسر محمد یونس کی قیادت کو سراہا، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر خالد حسین نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا اور امداد کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی اور مشترکہ عقیدے پر مبنی ہیں۔
ملاقات کے دوران براہِ راست پروازوں کی بحالی کے امکانات پر بھی بات ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں