آج کی تاریخ

پاکستان اور ایران نے طاقت منوائی، نیا دفاعی بلاک وقت کی ضرورت ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران نے عالمی سطح پر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ خطے میں ایک نیا دفاعی اتحاد تشکیل دیا جائے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے ایران کی اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کو بہادری کا مظاہرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام نے صیہونی جارحیت کا مؤثر جواب دیا ہے، جس کے بعد امریکا کا انداز بدل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان نے بھارت کو شکست دی، ویسے ہی ایران نے اسرائیل کو پیچھے دھکیل دیا۔ اب فوری طور پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد شروع کیا جانا چاہیے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران نے اپنی خودمختاری منوائی ہے، اور اب کسی کو بھی ہمیں احکامات دینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ امریکی ناراضی کے خوف سے گیس منصوبے کو نظر انداز کرنا دانشمندی نہیں۔
انہوں نے پاکستان، ایران، ترکیہ، افغانستان، بنگلا دیش اور وسطی ایشیائی ریاستوں پر مشتمل نئے دفاعی بلاک کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بدلتے عالمی حالات میں ایسا اتحاد ناگزیر ہے۔
غزہ کے مظلوم عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب عالمی قوتوں کو جنگ بندی کے لیے عملی اقدام اٹھانا چاہیے کیونکہ غزہ کے عوام نے تاریخ رقم کر دی ہے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ موجودہ بجٹ کا بوجھ مکمل طور پر عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔ سولر پر تمام ڈیوٹیز کا خاتمہ کیا جائے اور بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے۔
انہوں نے ایف بی آر کو کرپشن کا گڑھ قرار دیا اور کہا کہ جب تک فضول اخراجات ختم نہیں ہوں گے اور کرپشن پر قابو نہیں پایا جائے گا، معیشت میں بہتری ممکن نہیں۔
پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے زراعت کو جس حد تک نقصان پہنچایا ہے، اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی شخصیات کی باتیں سن کر ایسا لگتا ہے جیسے ملک میں ہر طرف خوشحالی ہو، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ سود کی شرح فوری کم کی جائے، رواں سال سود کو 5 فیصد تک اور اگلے سال مکمل ختم کیا جائے۔ انہوں نے آئی پی پیز سے ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات اور چینی کی درآمد و برآمد کے ریٹس بھی عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں