پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کوچنگ سینٹر کے لیے پہلی خاتون ڈائریکٹر کے طور پر نورش صباح کا تقرر کر دیا ہے۔ نورش صباح پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی بی ایس 18 افسر ہیں اور اس سے قبل بطور اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ اور گوجرانوالہ اور بطور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد انتظامی امور میں نمایاں خدمات انجام دے چکی ہیں۔
نورش صباح اب نہ صرف کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کریں گی بلکہ خواتین کے لیے ایک مثال بھی قائم کر رہی ہیں کہ مواقع اور اعتماد ملنے پر وہ ہر شعبے میں ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں۔
میڈیا نیوز کے مارننگ شو “ایکسپریسو” میں گفتگو کرتے ہوئے نورش صباح نے کہا کہ اب وقت بدل چکا ہے اور پاکستانی خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بس اسے بہتر سہولیات اور مواقع دینے کی ضرورت ہے، خاص طور پر خواتین کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے پر توجہ دی جائے تو بہت ترقی کی جا سکتی ہے۔
نورش صباح نے کہا کہ سرکار نے انفراسٹرکچر فراہم کیا ہے، اس کی مناسب دیکھ بھال کے ساتھ کھیل کے شعبے کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
