آج کی تاریخ

پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے پاکستان اور روس میں معاہدہ، صنعتی تعلقات کا نیا باب

اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے، کراچی میں واقع پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم پروٹوکول پر دستخط کیے گئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا۔
یہ معاہدہ ماسکو میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں طے پایا، جہاں پاکستان کی نمائندگی وفاقی سیکریٹری برائے صنعت و پیداوار سیف انجم نے کی، جبکہ روسی وفد کی جانب سے انڈسٹریل انجینئرنگ ایل ایل سی کے ڈائریکٹر وادم ویلیچکو نے دستخط کیے۔
تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت ہارون اختر خان اور روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی بھی موجود تھے۔
اس مشترکہ منصوبے کا مقصد پاکستان اسٹیل ملز کی پیداوار کو بحال کرنا اور اس میں وسعت پیدا کرنا ہے، جو کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، تعاون اور ترقی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔
معاون خصوصی ہارون اختر نے کہا: “روس کے ساتھ مل کر پاکستان اسٹیل ملز کو دوبارہ فعال بنانا ہماری مشترکہ تاریخ اور پائیدار صنعتی مستقبل کی علامت ہے۔”
یاد رہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کا قیام 1973 میں سوویت یونین کے تعاون سے عمل میں آیا تھا، جو آج بھی دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی ایک مضبوط مثال ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں