آج کی تاریخ

پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 31 ہزار کی تاریخی بلندی پر پہنچ گئی

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے آج ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 31 ہزار کی تاریخی سطح عبور کر لی ہے۔
نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ سرمایہ کاری کے شعبے میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور اسٹاک مارکیٹ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلندیوں کو چھونا شروع کر دیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
جمعرات کو مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں 100 انڈیکس میں 727 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس ایک لاکھ 31 ہزار 071 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
یہ تسلسل اس رجحان کا حصہ ہے جو نئے مالی سال کے پہلے دن سے جاری ہے اور گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل ترقی جاری ہے۔
گزشتہ روز بھی کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 30 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کی تھی اور صرف پانچ کاروباری دنوں میں مجموعی طور پر انڈیکس میں 9 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے، جو حالیہ برسوں کی بہترین کارکردگی میں شمار ہوتا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مالی سال 2025-26 کے آغاز کے ساتھ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، جس کی وجوہات میں حکومت کی بہتر اقتصادی پالیسیز، آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت مذاکرات اور صنعتی شعبے میں بہتری کی توقع شامل ہیں۔
یہ تیز رفتاری نہ صرف اسٹاک مارکیٹ کی حجم میں اضافہ کا باعث بنی ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ رفتار برقرار رہی تو سرمایہ کاروں کو قلیل اور طویل مدتی منافع کی توقع رکھنی چاہیے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اس شاندار کارکردگی نے بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حلقوں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کر لی ہے اور اسے ملکی معیشت میں استحکام اور بہتری کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں