کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے انڈیکس کی نئی ریکارڈ سطح قائم کر دی ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز حصص بازار کا آغاز 1773 پوائنٹس کی شاندار تیزی سے ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 1,40,439 پوائنٹس کی تاریخی بلندی پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ ایک دن قبل بھی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث غیرمعمولی لین دین دیکھنے میں آیا تھا، اور مارکیٹ 1,38,000 پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ کی موجودہ بہتری کی وجہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل، اقتصادی اشاریوں میں بہتری اور سرمایہ کاروں کا بڑھتا اعتماد ہے۔ مارکیٹ کے حالیہ رجحان کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ انڈیکس آئندہ دنوں میں مزید بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں مارکیٹ کی شاندار کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کی بلند ترین سطح کا حصول کاروباری طبقے کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مثبت معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کی دلیل ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب معاشی استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت ملکی خوشحالی اور عوام کی فلاح کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔
