پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی، انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروباری ہفتے کے آغاز پر تاریخی تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث مارکیٹ انڈیکس نئی بلند ترین سطحوں کو چھوتا رہا۔ سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث حصص بازار میں زبردست خریداری کا رجحان غالب رہا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی بازار حصص میں 1408 پوائنٹس کی نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 73 ہزار 808 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ ابتدائی تیزی کے بعد بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا۔
بعد ازاں تیزی کا سلسلہ مزید مضبوط ہو گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طور پر پہلے 1678 پوائنٹس اور پھر 1805 پوائنٹس کے شاندار اضافے کے ساتھ بڑھتا ہوا ایک لاکھ 75 ہزار 205 پوائنٹس کی نئی تاریخ ساز سطح پر جا پہنچا۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں یہ غیر معمولی تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد، مثبت معاشی اشاروں اور بڑی کمپنیوں کے شیئرز میں بھرپور خریداری کا نتیجہ ہے، جس سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں