بہاولپور (کرائم سیل)روزنامہ قوم بنا ایک مرتبہ پھر مظلوم خاندان کی آواز ،جھانگی والا کے علاقے گد پورہ میں پاولی گینگ کے مظالم کی نشاندہی کے بعد آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کا فوری ایکشن سامنے آیا۔ آر پی او نے پاولی گینگ کے غنڈوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایس ایچ او عباس نگر کو متاثرہ افراد کا راستہ روکنے کے واقعہ پر موقع پر جا کر کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کیں جبکہ تھانہ صدر کے ایس ایچ او کو اغوا کے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے سوموار تک رپورٹ طلب کرلی ،صدر سرکل کے دونوں تھانوں کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے دوڑیں لگ گئیں اور احکامات جاری ہوتے ہی تھانہ صدر پولیس حرکت میں آ گئی اور اغوا کے مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم اللہ دتہ کو گرفتار کر لیا۔ متاثرین نے روزنامہ قوم کا مسئلہ اجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق مورخہ چار دسمبر کو روزنامہ قوم نے خبر شائع کی تھی کہ جھانگی والا کے علاقے گد پورہ میں پاولی گینگ کا غنڈہ راج عروج پر ہے۔ اغوا، گھروں میں گھس کر تشدد، فائرنگ اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث افراد کو تھانہ عباس نگر اور تھانہ صدر کی پولیس کی مبینہ خاموشی کی وجہ سے تحفظ حاصل تھا، جس کے باعث ملزمان نہ گرفتار ہو رہے تھے نہ ان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی ہو رہی تھی۔خبر شائع ہونے کے بعد آر پی او بہاولپور نے فوری طور پر معاملے کی مکمل انکوائری کروائی۔ متاثرہ محمد سلیم نے آر پی او کو تمام حالات سے آگاہ کیا، جس پر آر پی او آفس کے عملے نے احکامات جاری کرتے ہوئے ایس ایچ او عباس نگر کو راستہ روکنے سے متعلق تمام پہلوؤں کی جانچ پڑتال کر کے فوری فوجداری کارروائی کی ہدایت دی۔اسی طرح محمد سلیم کے بھائی کے اغوا کے مقدمے میں، تھانہ صدر سے تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد، متعلقہ ایس ایچ او کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا گیا۔ار پی او کے احکامات جاری ہوتے ہی بہاولپور پولیس بھی متحرک ہو گئی اور تھانہ صدر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اغوا مقدمہ کے مرکزی ملزم اللہ دتّا کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح راستہ روکنے اور ہوائی فائرنگ اور دھمکیوں کے معاملے پر ایس ایچ او عباس نگر نے موقع ملاحظہ کرتے ہوئے تمام تر تفصیلات اکٹھی کی اور متاثرین کو جلد سے جلد ملزمان کے خلاف موثر کاروائی کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔متاثرہ خاندان نے موثر ایکشن پر آر پی او بہاولپور اور روزنامہ قوم سے دلی تشکر کا اظہار کیا۔







