پاورآف اٹارنی نہ دینے پر منکوحہ کا چہرہ بگاڑنے والا رئیس مفرور،حامی سیاستدان بھی ناکام

بہاولپور (افتخار عارف سے) دس کروڑ مالیت اراضی کا پاور آف اٹارنی لکھ کر نہ دینے پر احمد پور شرقیہ کے رہائشی قبضہ مافیا کے مبینہ سرغنہ اور آلودہ شہرت کے حامل رئیس عبدالوحید نے اپنی منکوحہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور وقوعہ کو غیرت کا رنگ دینے کے لیے اپنی منکوحہ کا ناک کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔ اس اوباش زمیندار نے غنڈے بھرتی کیے ہوئے ہیں اور علاقے میں اپنی دھاک بٹھائی ہوئی ہے۔ محلہ شمیم آباد اوچ شریف کی 31 سالہ پروین بی بی بیوہ کاشف حسین جس کے تین بچے ہیں جو کہ جگر کے عارضے میں مبتلا خاوند کی موت سے جوانی میں ہی بیوہ ہو گئی، جسکے بھائی اور بچے چھوٹے تھے اور والد بھی فوت ہو چکا ہے۔ سیاسی سرپرستی اور غنڈوں کی فوج ظفر موج ہونے کی وجہ سے اوباش فطرت کے انسان نے اس کا جینا دو بھر کر دیا۔ اسے بلیک میل کرتا اور طرح طرح کے الزامات لگا کر اسے شادی پر مجبور بدنام کرکے زبردستی اس سے شرعی نکاح کیا اور اس مقصد کے لئے مختلف لوگوں کو بیچ میں ڈال کر اسے اس بات پر راضی کر لیا اور اس سے شرعی نکاح کر لیا شرعی نکاح کے پیچھے بھی اس اوباش فطرت انسان کا مقصد صرف اور صرف وہ ایک مربع زرعی اراضی تھی جو یتیم بچوں کے حصے کی تھی جس کی اس وقت کل مالیت تقریبا 10 سے 12 کروڑ روپے بنتی ہے، شرعی نکاح کے بعد بھی رقبہ پروین بی بی کے سابقہ سسر کے زیر کنٹرول تھا جسے ہتھیانے کے لیے اکثر اوقات رئیس عبدالوحید رقبہ کا پاور آف اٹارنی اپنے نام کروانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتا رہا۔ اسی دوران کچھ رقبہ دو تین ایکڑ بیچ کر کھا بھی گیا، اس کا مقصد صرف پاور آف اٹارنی حاصل کرکے قبضہ لینے کا تھا اس لیے مجبور کرتا رہتا تھا جس پر پروین بی بی کہتی رہی کہ اگر میں نے اپنی اولاد کی جائیداد تمہارے نام کر دی تو تم سے واپس کون لے سکے گا۔ شرعی نکاح کے بعد یہ دونوں اکٹھے رہتے بھی رہے اور ان کا آپس میں آنا جانا بھی لگا رہتا تھا ایک مرتبہ پھر زمین کے مطالبے پر پروین بی بی نے رئیس عبدالوحید کو تین بچوں کی جائیداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تم جس قماش کے ہو تمہیں جائیداد دے کر میں روڈ پر ا ٓجاؤں گی اسی وجہ سے تلخی بڑھتی رہی اور دو تین ہفتے قبل رئیس عبدالوحید جب عمرہ واپس کرکے آیا تو اس دوران پروین بی بی نے اپنے کے لیے جم جوائن کر لیا تھا جس کا اس نے جواز بنا کر بیوہ پروین بی بی کو “ہیٹ کرائم”کا شکار کیا اس کے کردار پر حملے کئے اور خود اپنے پالتو غنڈوں کے ہمراہ تیز دھار آلے سے اس کے گھر میں بچوں کے سامنے دن دہاڑے پروین بی بی کے چہرے پر چار پانچ وار کیے جس سے اس کا ناک اور کان کٹ گئے ،گردن اور چہرے پر بھی زخم کے گہرے نشانات بن گئے، اسی دوران کہتا رہا کہ دیکھو تم نے زمین میرے نام نہیں کی تمہارے ساتھ وہ کیا ہے کہ تمام لوگ تمہیں بدچلن اور آوارہ کہیں گے تم کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گی ،پہلے دی جانے والی صرف دھمکیوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ایک تیر سے دو شکار کرتے ہوئے ناک کان بھی کاٹ دیا اور ضربیں اس طرح سے لگائیں کہ لوگ کہیں کہ یہ بدچلن ہے۔ یاد رہے کہ وہ مولوی بھی موجود ہیں جنہوں نے نکاح پڑھوایا اس کی بیوی بچوں سمیت اوچ شریف کی تمام عوام کو شرعی نکاح کے بارے میں علم ہے اس واقعہ کا علم وزیراعلیٰ پنجاب کو ہونے پر انہوں نے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتاری کا پولیس کو احکامات دئیے ہیں مگر ابھی تک پولیس اسے گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی بلکہ اس کے 24 سالہ بیٹے کو پولیس نے حراست میں لے رکھا ہے جس نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کے والد نے شرعی نکاح کیا ہوا ہے مگر اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز جب پولیس نے رئیس عبدالوحید کے گھر گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو بہاولپور کے حکومتی پارٹی کے سیاستدان نے پولیس کو گھر چھاپے مارنے سے روکا مگر پولیس نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سخت کارروائی کے حوالے سے احکامات کی وجہ سے معذرت کر لی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں