پانچ بڑے بات کریں تو بات بنے گی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نےکہا ہے کہ ملک کے 5 بڑے ہیں ان کے درمیان اعتماد بڑھانے کیلئے رابطہ ہوا تو صورتحال بہتر سمت میں آگے بڑھ سکتی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان 5 بڑوں میں نوازشریف، شہبازشریف،آصف زرداری، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ایک اور شخصیت ہیں، جب تک ان 5 شخصیات کے درمیان اعتماد سازی کے لیے اقدامات نہیں ہوں گے تو بریک تھرو نہیں ہوگا، میرے اور عامر ڈوگر کے رابطوں سے بریک تھرو نہیں ہوگا۔رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح 2025 میں اچھی خبریں آئیں، امید ہے 2026 مزید معاشی استحکام کا سال ہوگا۔وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اداروں کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے ان کو بند کیا جانا چاہیے، پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر جان نہیں چھڑاسکتی کہ ان اکاؤنٹس پر ان کا کوئی کنٹرول اور تعلق نہیں۔ پی ٹی آئی قیادت کو ان اکاؤنٹس سے اظہار لاتعلقی اختیار کر کے بند کرنا چاہیے، اگران اکاؤنٹس سے صرف پراپیگنڈا ہی کرنا ہے تو مخالف سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کے خلاف کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کی اپیل ناکام ہوگی، پی ٹی آئی پہیہ جام نہیں کرپائےگی اور اس کے مزید نقصانات ہوں گے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 8 فروری کو پہیہ جام کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کو ایسا دھرلیا جائے گا کہ یہ پھر گلہ کریں گے، پی ٹی آئی احتجاج کی کال کو واپس لے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں