پارلیمنٹ کی راہداری میں تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی غیر رسمی اور خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور قہقہے لگائے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مختصر ملاقات پارلیمنٹ کی راہداری میں اچانک ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے ایک دوسرے کا استقبال کیا۔
بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ دہشت گردی سمیت تمام معاملات پر اتفاق رائے ضروری ہے۔ اس موقع پر صحافیوں نے سوال کیا کہ اگر ملاقات خوشگوار ہوسکتی ہے تو ملک کے لیے اتفاق کیوں نہیں ہوسکتا؟
خواجہ آصف نے جواب میں کہا کہ ایسا ضرور ہونا چاہیے، اس میں کوئی شک نہیں۔ پارلیمنٹ اور سیاست میں روایات قائم رہنی چاہئیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، “کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم راہداری میں بھی نہ ملیں؟”
بیرسٹر گوہر نے بھی مسکراتے ہوئے صحافیوں سے مکالمہ کیا، “آپ تو ایسے کہہ رہے ہیں جیسے ہم کوریڈور میں بھی نہ ملیں!”







