آج کی تاریخ

پائلٹ کے پاسپورٹ بھول جانے پر 2 گھنٹے بعد طیارہ واپس لوٹ آیا

عام طور پر ہر فرد کے لیے بیرون ملک سفر کے دوران پاسپورٹ لازمی ہوتا ہے، لیکن کیا پائلٹس اور فضائی عملے کے لیے بھی یہی اصول لاگو ہوتا ہے؟
جی ہاں، پائلٹس کو بھی اپنا پاسپورٹ ہمراہ رکھنا ضروری ہوتا ہے، اور ایک حالیہ واقعہ نے مسافروں کو اس حقیقت سے حیران کر دیا۔
امریکا کی یونائیٹڈ ائیرلائنز کی ایک پرواز، جو لاس اینجلس سے شنگھائی جا رہی تھی، نے اڑان کے دو گھنٹے بعد اچانک اپنا راستہ بدل کر واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ اس کی وجہ یہ بنی کہ ایک پائلٹ کو یاد آیا کہ وہ اپنا پاسپورٹ گھر بھول آیا ہے۔
یو اے 198 پرواز 22 مارچ کو دوپہر 2 بجے 257 مسافروں اور 13 عملے کے ارکان کے ساتھ روانہ ہوئی اور بحر الکاہل کے اوپر پرواز کر رہی تھی کہ اچانک طیارے کو سان فرانسسکو واپس موڑ دیا گیا۔ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے طیارہ وہاں اترا، جہاں نئے عملے کا انتظام کیا گیا، اور پھر رات 9 بجے دوبارہ شنگھائی کے لیے روانہ ہوا۔
اس غیر متوقع تاخیر کے باعث پرواز کے مسافر کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہوئے۔
طیارے میں سوار ایک خاتون مسافر، یانگ شوہان، نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ پائلٹ کی انٹرکام پر آنے والی آواز کافی پریشان کن تھی، جب اس نے کہا، “میں اپنا پاسپورٹ بھول آیا ہوں۔”
سان فرانسسکو میں لینڈنگ کے بعد مسافروں کو 30 ڈالرز کے کھانے کے واؤچرز دیے گئے، جنہیں یانگ شوہان نے ایک جاپانی ریسٹورنٹ میں استعمال کیا۔
چین میں مقبول ایپ ریڈ پر مسافروں نے اس واقعے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ نے اسے مزاحیہ قرار دیا، جبکہ کچھ حیران رہ گئے کہ ایسا واقعہ کسی بین الاقوامی پرواز میں کیسے پیش آ سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں