مریدکے: کالاشاہ کاکو کے نواحی علاقے رتہ گجراں میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں 12 سالہ طالب علم عبدالہادی ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق، عبدالہادی اپنے گھر میں والد کے پسٹل سے ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی اور وہ موقع پر ہی شدید زخمی ہو گیا۔ گولی کی آواز سنتے ہی گھر والوں میں چیخ و پکار مچ گئی اور بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
ابتدائی تفتیش میں پولیس نے بتایا کہ حادثہ غیر ارادی طور پر پیش آیا۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عبدالہادی کو ویڈیوز بنانے کا شوق تھا، اور اس شوق کے باعث اس نے والد کا پسٹل ہاتھ میں لے لیا، جس کے دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔







