آج کی تاریخ

ٹڈاپ اسکینڈل: یوسف رضا گیلانی مزید 9 مقدمات سے بری، مجموعی طور پر 13 کیسز سے باعزت رہائی

کراچی: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کرپشن کیسز کے مزید 9 مقدمات سے بری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ اب تک 26 میں سے 13 مقدمات سے باعزت بری ہو چکے ہیں۔
وفاقی انسدادِ بدعنوانی عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا اور کہا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ ان مقدمات میں الزام تھا کہ جعلی کمپنیوں کے ذریعے فریٹ سبسڈی کی مد میں 7 ارب روپے سے زائد کی رقم ہڑپ کی گئی۔
یہ مقدمات ایف آئی اے نے درج کیے تھے جن کی ابتدائی تحقیقات 2009 میں اور باضابطہ اندراج 2013 میں کیا گیا، جب کہ 2015 میں یوسف رضا گیلانی کو چالان میں نامزد کیا گیا تھا۔
فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان مقدمات کا مقصد انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنانا تھا، یہ مقدمات 12 سال سے زیر سماعت تھے جو انصاف میں تاخیر کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف زرداری کی صحت کے بارے میں پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
سیاسی سوالات پر گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ہی فیصلہ کرے گی کہ پنجاب میں نئی سیاسی حکمت عملی کیا ہو گی اور پارٹی حکومت میں شامل ہوگی یا نہیں۔
ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ ایف آئی اے نے 26 مقدمات میں گیلانی پر 50 لاکھ رشوت لینے کا الزام لگایا، تاہم کوئی براہ راست ثبوت یا گواہی پیش نہ کی جا سکی۔ ان کے مطابق گیلانی پہلے 3 مقدمات میں بھی بری ہو چکے ہیں، اور باقی 14 مقدمات تاحال ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں، جن میں تاخیر کا سبب گواہوں کی عدم موجودگی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں