ٹرمپ کا بڑا اعلان: چین سے تجارتی تعلقات ختم کرنے پر غور

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ان کی انتظامیہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس ممکنہ فیصلے کی بنیادی وجہ چین کی جانب سے امریکی سویابین کی خریداری معطل کرنا بتائی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل (Truth Social) پر جاری اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ چین نے جان بوجھ کر امریکی سویابین کی درآمد روک دی ہے، جو کہ امریکی معیشت کے خلاف ایک معاندانہ اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے اس فیصلے سے امریکی کسان شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت اب چین کے ساتھ ہونے والے کئی اہم تجارتی معاہدوں، خصوصاً کوکنگ آئل کی درآمدات کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا، “ہم اپنی ضروریات کے لیے خود کوکنگ آئل تیار کر سکتے ہیں، اس مقصد کے لیے ہمیں چین پر انحصار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔”
ٹرمپ کے اس بیان کے بعد ماہرینِ معیشت نے خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے واقعی چین سے تجارتی تعلقات منقطع کر دیے تو عالمی منڈیوں میں شدید عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے، خاص طور پر زراعت اور خوراک کے شعبوں میں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں