آج کی تاریخ

ٹرانسفارمرز چوری ’’قوم‘‘ نے میپکو اور پولیس کے سوئے افسران کو جگا دیا

ملتان (عوامی رپورٹر) ٹرانسفارمرز چوری کیس میں’’قوم‘‘ نے میپکو اور پولیس کے سوئے افسران کو جگا دیا۔ تھانہ ممتاز آباد کی حدود میں ایک ہفتہ میں 3 ٹرانسفارمرز یکےبعد دیگرے چوری کر لئے گئے۔ قاسم پور کالونی میں تھانہ ممتاز آباد سے چند قدم دوری پر 200KVA کے ٹرانسفارمر کی چوری پر تھانہ ممتاز آباد کا عملہ ابھی تک لاعلم ہے جبکہ 2 دن قبل قاسم پور کالونی سے ملحقہ ہیڈ نوبہار کیساتھ مین روڈ پر 200KVA کے دوسرے ٹرانسفارمر کی چوری پر بھی تھانہ ممتاز آباد کا عملہ پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوا ہے۔’’قوم‘‘ کے رابطہ کرنے پر متعلقہ پولیس نے بتایا کہ میپکو ملازمین کی جانب سے ابھی تک دونوں ٹرانسفارمرز کی چوری سے متعلّق رابطہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہنوز ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہوا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز’’قوم‘‘ میں شائع ہونیوالی خبر کے بعد ایس ڈی او غلہ منڈی شکیل پاشا اور ایکسین ممتازآباد فیاض کھوکھر نے ایف آئی آر اندراج کیلئے درخواست تیار کرنی شروع کر دی ہے۔ میپکو افسران کی پہلے ٹرانسفارمر چوری پر ایف آئی آر درج نہ کروانے کی سنگین غفلت 200KVA کے دوسرے قیمتی ٹرانسفارمر کی چوری کا باعث بنی ہے۔ ٹرانسفارمرز چور ٹولہ کو ایس ڈی او اور ایکسین ممتاز آباد کی مبینہ پراسرار چشم پوشی مزید شہہ دینے کا باعث بنی ہے۔ پولیس کی لاعلمی اور میپکو افسران کی مبینہ غفلت ٹرانسفارمرز چور ٹولہ کیساتھ ساز باز کا عندیہ بھی ظاہر کر رہی ہے۔ ایک ہفتہ میں تقریباً 40 لاکھ مالیت کے ٹرانسفارمرز کی چوری نے تھانہ ممتاز آباد پولیس کی جانب سے رات گشت کے موثر نہ ہونے کا پول کھول دیا ہے اور میپکو افسران کی جانب سے اختیار کی گئی سست روی اس معاملہ کو مزید شکوک و شبہات کا شکار بنا رپی ہے۔ اس دوران ایک اور 25KVA کا ٹرانسفارمر پیر والی بہاولپور روڈ سے چوری ہوا جس کے مقدمہ کا اندراج تھانہ ممتاز آباد میں محمد عمران کی مدعیت میں بتاریخ 17 جنوری 2025 کو ہوگیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں