لاہور:معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی صنفی شناخت سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی ویڈیو پر سخت ردعمل دیا ہے، جسے ایک پرانے انٹرویو کے ایڈٹ شدہ کلپ کے طور پر پیش کیا گیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں مومنہ نے بتایا کہ اگست 2022 میں دیے گئے ان کے انٹرویو کے حصے کو غلط انداز میں کاٹ کر سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا، جو اب تک 45 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو کے بعد انہیں مختلف رپورٹرز کی کالز موصول ہونے لگیں، اور وہ حیرت میں پڑ گئیں کہ آخر اس بے بنیاد سوال کا کیا جواب دیا جائے — کیونکہ کسی خاتون سے اس کی صنفی شناخت پر سوال اٹھانا نہایت تکلیف دہ عمل ہے۔
مومنہ کے مطابق انہیں قریبی افراد وضاحت دینے کا مشورہ دیتے رہے، لیکن وہ خود حیران تھیں کہ جھوٹ پر کیا صفائی دی جائے۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ اس معاملے کو نظر انداز کرنا بہتر ہے۔
اداکارہ نے واضح طور پر کہا کہ اگر ویڈیو میں کوئی بات سچ ہوتی تو وہ بلا جھجھک قبول کر لیتیں، لیکن چونکہ معاملہ مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے، اس لیے کسی غیر حقیقی الزام کی وضاحت دینے کی ضرورت نہیں۔
یاد رہے کہ مومنہ اقبال پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نمایاں اداکارہ ہیں، جو متعدد ہٹ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں۔
