وہاڑی چوک کلیئر ٹرانسپورٹ مافیا پریشان، ٹریفک سرکلر انچارج کے خلاف پراپیگنڈا مہم

ملتان (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس ملتان کے وہاڑی چوک کے سرکل انچارج راجہ سخی سرور کے وہاڑی چوک پر اے سی بسیں کھڑی کر کے جام کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کے بعد ٹرانسپورٹر حضرات کے ایک گروہ نے ایماندار سرکل انچارج راجہ سخی سرور کو مختلف طریقوں سے تنگ کرنا شروع کر دیا ہےاور ان پر بے بنیاد الزامات لگانا شروع کر دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ستھرا پنجاب ویژن اور چیف ٹریفک آفیسر سردار مہاورن خان کی ہدایات کے عین مطابق ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے پر ٹرانسپورٹر حضرات سرکل انچارج راجہ سخی سرور پر مختلف الزامات لگا کر دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ملتان کی ٹریفک کے سب سے بڑے پوائنٹ پر بہاؤ کو جاری رکھنے کیلئے چیف ٹریفک آفیسر سردار مہاورن خان نے اسی لئے راجہ سخی سرور کا بطور سرکل انچارج انتخاب کیا کہ یہ پوائنٹ ٹریفک کے بہاؤ کے حوالے سے ملتان کا مشکل ترین پوائنٹ ہے چنانچہ اس پوائنٹ پر راجہ سخی سرور جیسے دبنگ ٹریفک پولیس آفیسر کی ہی ضرورت تھی۔ مگر مختلف ٹرانسپورٹر حضرات کی جانب سے سرکل انچارج راجہ سخی سرور پر بے بنیاد الزامات لگا کر ان کا حوصلہ پست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ اپنی مرضی کا سرکل انچارج تعینات کروا کر من پسند طریقے سے وہاڑی چوک پر گاڑیاں کھڑی کر کے بھری جا سکیںجس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا ہے۔ اسی ٹریفک جام کی وجہ سے چوک کراس کرنے والی کاروں اور دوسری گاڑیوں کو آدھا آدھا گھنٹہ لگ جاتا تھا جو کہ راجہ سخی سرور کی بطور سرکل انچارج وہاڑی چوک کی تعیناتی کی بابت چوک جام نہ ہونے کی وجہ سے 2 منٹ لگتے ہیں۔ اس بارے میں شہریوں نے روزنامہ قوم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ستھرا پنجاب ویژن کے باعث ٹریفک کا بہاؤ بھی قدرے بہتر ہوا ہےاور ہمیں پہلے وہاڑی چوک کراس کرنے میں آدھا گھنٹہ لگتا تھا مگر اب یہاں ٹائم ضائع نہیں ہوتا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں