بہاولپور (سپیشل رپورٹر، کرائم سیل ) وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں انسولین کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث ذیابیطس کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مفت انسولین کی فراہمی کا عمل نہایت سست ہو چکا ہے جبکہ کئی مریض بروقت دوا نہ ملنے کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ جو انسولین پہلے ہر مہینے فراہم کی جاتی تھی، اب وہ دو سے تین ماہ بعد دستیاب ہوتی ہے۔ شدید بیمار مریضوں کو بھی ڈاکٹر کے تجویز کردہ مکمل ڈوز فراہم نہیں کیے جا رہے مریضوں کا کہنا تھا کہ جنہیں روزانہ کی بنیاد پر انسولین کی زیادہ مقدار درکار ہوتی ہے، اُنہیں صرف چند دن کی مقدار دے کر ٹال دیا جاتا ہے۔ دوا کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو بار بار ہسپتال کے چکر لگانا پڑتے ہیں اور عملہ بہانے بنا کر انہیں ٹال دیتا ہے مریضوں نے حکومتِ پنجاب اور وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وکٹوریہ ہسپتال میں انسولین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسولین ہر مریض کو ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق مکمل مقدار میں فراہم کی جائے اور اس عمل میں شفافیت لائی جائے عوامی حلقوں نے اس سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ معاملہ بڑے انسانی بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
