اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں حج 2026 کے لیے نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سرکاری اسکیم کے تحت حاجیوں کی بکنگ اگست 2025 سے شروع ہوگی۔
ذرائع کے مطابق حاجیوں سے مرحلہ وار اقساط میں رقم وصول کی جائے گی، جبکہ نجی ٹور آپریٹرز کو صرف 60 ہزار افراد کو حج پر لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ پچھلے سال رہ جانے والے پرائیویٹ حاجیوں کو رواں سال ساتھ لے جانا نجی ٹور آپریٹرز کی ذمہ داری ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس پاکستان کو 1 لاکھ 79 ہزار حاجیوں کا کوٹہ ملا تھا جسے مساوی طور پر سرکاری اور نجی اسکیم میں تقسیم کیا گیا تھا۔ حکومت پاکستان نے سعودی عرب سے رواں سال کے لیے کوٹہ بڑھانے کی درخواست کر رکھی ہے، اور امکان ہے کہ نیا کوٹہ 2 لاکھ 35 ہزار تک پہنچ سکتا ہے۔
تاہم پالیسی کے مطابق چاہے کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار رہے یا بڑھ کر 2 لاکھ 35 ہزار ہوجائے، پرائیویٹ آپریٹرز کو زیادہ سے زیادہ 60 ہزار حاجیوں کو لے جانے کی اجازت ہی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات تقریباً ساڑھے گیارہ سے ساڑھے بارہ لاکھ روپے تک ہوں گے۔
