آج کی تاریخ

وفاقی وزیر خزانہ کا کارکردگی اور احتساب پر مبنی نظام حکومت نافذ کرنے پر زور

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت اداروں کی تنظیم نو اور کارکردگی پر مبنی نظام متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ عوامی خدمات میں بہتری اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت خزانہ میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) ملکی مالیاتی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے جدید، فعال اور جوابدہ ادارہ بنانے کے لیے وزیراعظم کی قیادت میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری سمیت متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پاور ڈویژن نے پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس میں ادارے کی تنظیم، کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر روشنی ڈالی گئی۔
پریزنٹیشن میں بجلی کے شعبے میں سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بندی، کارکردگی کی مانیٹرنگ اور بین الاداراتی ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
لا ڈویژن نے بھی اپنے ماتحت اداروں، جاری اصلاحاتی سرگرمیوں اور سروس ڈیلیوری پر اثرات پر بریفنگ دی۔ اس میں اختیارات کے تکرار کو ختم کرنے، ادارہ جاتی استعداد کار کو بہتر بنانے اور انتظامی ڈھانچے میں سادگی لانے پر سفارشات شامل تھیں۔
اجلاس میں ایمبیسیڈر ایٹ لارج سلمان احمد کی سربراہی میں قائم سب کمیٹی کی جانب سے ریونیو ڈویژن کی ادارہ جاتی اصلاحات پر مبنی سفارشات پر بھی غور کیا گیا، جن میں انسانی وسائل کا بہتر استعمال اور قومی اہداف سے ہم آہنگی پر توجہ دی گئی۔
وزیر خزانہ نے زور دیا کہ ایف بی آر میں کارکردگی پر مبنی ہیومن ریسورس پالیسی اپنائی جائے تاکہ ٹیکس وصولی، قانون پر عملدرآمد اور عوامی خدمات میں نمایاں بہتری ممکن بنائی جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں