وفاقی محتسب کا فیصلہ نظر انداز: این ایف سی انتظامیہ کا انجینئر مرزا زوہیب کی بحالی سے انکار

فیصلے کے مطابق مرزا زوہیب یونیورسٹی پہنچے تو دن بھر انتظار کرانے کے بعد وی سی ڈاکٹر اختر کالرو نے آفس بلایا،ملاقات کی ویڈیو ریکارڈنگ

فیصلہ بارے لیگل ایڈوائزر تشریح کرے گا جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کریں گے اس وقت تک آپ یونیورسٹی میں داخل نہیں ہو سکتے:وی سی

’’فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی یونیورسٹی انتظامیہ ہر حال میں پابند ہے‘‘:ملتان کے سینئر وکلا کا این ایف سی یونیورسٹی انتظامیہ کے موقف پر ردعمل

ملتان(سٹاف رپورٹر ) ہراسمنٹ کیس میں وفاقی محتسب کے فیصلے کی روشنی میں باعزت بحال ہونے والے اسسٹنٹ پروفیسر انجینئر مرزا زوہیب 10 نومبر بروز جمعہ کو بحالی کے فیصلے کے مطابق این ایف سی یونیورسٹی ملتان پہنچے تو یونیورسٹی انتظامیہ نے وفاقی محتسب کے فیصلے کی اپنی لیگل ٹیم سے تشریح کرانے کا کہہ کر انجینئر مرزا زوہیب کی جوائننگ لینے سے انکار کر دیا۔ قبل ازیں یونیورسٹی گارڈز نے مرزا زوہیب کو بتایا کہ رجسٹرار نصراللہ خان بابر کا حکم ہے آپ ویٹنگ ایریا میں انتظار کریں۔ وی سی اور رجسٹرار موجود نہیں۔ دن بھر انتظار کرانے کے بعد وی سی ڈاکٹر اختر کالرو نے انہیں اپنے آفس بلایا جہاں پر رجسٹرار نصر اللہ خان بابر ، کلرک کم خزانچی مغفور انور چغتائی ، کنٹرولر رسول احمد، ہیڈ آف کیمیکل انجنیئرنگ ڈیپارٹمنٹ ، ہیڈ آف الیکٹریکل انجینیرنگ ڈیپارٹمنٹ اور ہیڈ آف کمپیوٹر سائنس موجود تھے۔ اس ملاقات کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی اور مرزا زوہیب کو کہا کہ ہم نے آپ کی بحالی کی درخواست اور وفاقی محتسب کا آرڈر وصول کر لیا ہے۔ مزید وفاقی محتسب کا کیا آرڈر ہے اس کے بارے میں لیگل ایڈوائزر تشریح کرے گا جس کے بعد ہم نوٹیفکیشن جاری کریں گے اس وقت تک آپ یونیورسٹی میں داخل نہیں ہو سکتے۔ آپ نے جب بھی آنا ہو تو تحریری اجازت لے کر آنا ہو گا۔ آپ ابھی لیگل ایڈوائزر کی ایڈوائس کا انتظار کریں۔ لیگل ایڈوائزر کے مشورے کی روشنی میں ہم لیٹر جاری کریں گے ۔پھر آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ نے یونیورسٹی کو جوائن کرانی ہے یا نہیں۔ اس صورتحال کے حوالے سے ملتان کے سینئر وکلا سے انجینئر مرزا زوہیب نے رابطہ کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کے موقف سے آگاہ کیا تو وکلا کی رائے تھی کہ فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی یونیورسٹی انتظامیہ ہر حال میں پابند ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں