ملتان(سٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن اینڈ پبلک افیئرز ،مسلم لیگ ملتان ڈویژن کے صدر اور جنوبی پنجاب کے ہر دل عزیز سیاستدان خان عبدالرحمان خان کانجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلا ع کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے ہر منصوبے میں اس خطے کو شامل کر رہی ہے اور حالیہ سیلاب کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔ ضلع لودھراں کے بھی بہت سے دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے روزنامہ قوم کے دفتر کے دورے کے موقع پر چیف ایڈیٹر روزنامہ قوم میاں غفار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے میگا پراجیکٹس کیلئے آٹھ رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات طے کرے گی اور ایسے اقدامات کی سفارش کرے گی جس سے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لودھراں کے حوالے سے جو صدیق خان کانجو شہید کی خدمات ہیں ضلع بھر کے عوام آج بھی انہیں یاد کر کے مجھ پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور مجھے بھاری اکثریت سے کامیاب کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں انتقام کی سیاست نہیں بلکہ خدمت کی سیاست کرتا ہوں اور اپنے خطے کے عوام کو عزت اور احترام دے کر ہر الیکشن میں ان کی محبتیں سمیٹتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ نے عوامی رابطے کا ایک مربوط نیٹ ورک بنا کر کامیابی سے چلایا ہے کہ لاہور سے لے کر شاہوالی ضلع راجن پور، کوٹ سبزل ضلع رحیم یار خان اور عیسیٰ خیل ضلع میانوالی کےآخری گاؤں تک کی ہر خبر اور ہر ایکٹیوٹی سے مکمل آگاہی رکھی جا رہی ہے۔




