کراچی: سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے ایشیا کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ بابر اعظم کو نمبر 3 پر بیٹنگ کروائی جائے کیونکہ میگا ایونٹ میں پاکستان کو ایک سینئر بیٹر کی سخت ضرورت ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے آخری بار دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 میچ کھیلا تھا، جس کے بعد ان کے کم اسٹرائیک ریٹ کو بنیاد بنا کر انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ اب فخر زمان کی انجری کے بعد سینیئر بیٹر کی واپسی کے حوالے سے آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور وسیم اکرم بھی یہی چاہتے ہیں۔
وسیم اکرم نے یاد دلایا کہ 2019 میں جب بابر اعظم نے سمر سٹ کاؤنٹی کی نمائندگی کی تھی تو ان کا اسٹرائیک ریٹ تقریباً 150 تھا، جو ان کی بیٹنگ کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ جب ہم 140 یا 160 رنز کا تعاقب کر رہے ہوں تو ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے جو نہ صرف ذمہ داری سنبھالے بلکہ اپنی ٹیم کو ساتھ لے کر چلے۔ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹسمینز میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم میچ کی صورتحال اور فارمیٹ کے مطابق اپنا انداز بیٹنگ بدل لیتے ہیں، انہوں نے ماضی میں ایسا کیا ہے اور آئندہ بھی کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق بابر اعظم کی ابھی کرکٹ میں کافی گنجائش ہے اور وہ پاکستان کے لیے بہترین خدمات انجام دے سکتے ہیں، اس لیے سب کو ان کی حمایت کرنی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ کوچ کو چاہیے کہ وہ بابر اعظم کو وہی پوزیشن دیں جو وہ بہتر سمجھیں، لیکن ان کی رائے میں نمبر 3 ان کے لیے سب سے موزوں ہے۔ اگر میچ میں زیادہ اوورز ہوں تو دوسری صورت میں بھی کوئی اور کھلاڑی بیٹنگ کے لیے جا سکتا ہے۔
