اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (این پی ایف) کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) کو ہر سال آسان شرائط اور کم اقساط پر رہائشی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے ہر سال 10 انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو پولیس سے متعلق خصوصی کورسز کے لیے اسکالرشپ پر بیرونِ ملک بھیجا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید اعلان کیا کہ 15 کانسٹیبلز کے ایسے بیٹے یا بیٹیاں جو پاکستان کی نامور جامعات میں داخلہ حاصل کریں گے، ان کے تعلیمی اخراجات نیشنل پولیس فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔ اسی طرح ہر سال ایس پی یا ایس ایس پی رینک کے 5 افسران کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں ڈگری حاصل کرنے کے لیے بیرونِ ملک اسکالرشپ پر بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے مالی وسائل میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی طلب کی اور ادارے کو خسارے سے نکال کر سرپلس میں لانے پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مؤثر، متحرک اور فعال ادارہ بنایا جائے گا۔
اجلاس میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔







