اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں مالی خسارہ کم ہوا ہے جبکہ کرنٹ اکاوٴنٹ کی صورتحال بہتر ہوئی اور آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کے لیے آئے ہوئے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ جان مارک سے بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو بڑھانے کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں پاکستان کی معاشی استحکام کی صورتحال اور جاری اصلاحات سے آگاہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سہولتیں فراہم کرے گی اور پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ اعتماد کے ساتھ واپسی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاری کر رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں مالی خسارہ کم ہوا ہے، کرنٹ اکاوٴنٹ میں بہتری آئی ہے اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، جو ملک کی معاشی ترقی کے لیے مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے مستقل اقدامات کر رہی ہے۔







