اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب پاک امریکہ تجارتی مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران پاک امریکہ ٹریڈ ڈائیلاگ کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، اور یہ شراکت داری دونوں ملکوں کی معیشتوں کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ پاکستان، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات سمیت دیگر روایتی اور غیر روایتی شعبہ جات میں اشتراک بڑھانے کا خواہاں ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی روابط مزید وسعت اختیار کر سکتے ہیں اور یہ دورہ ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس سے قبل وزیر خزانہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خزانہ، تجارتی نمائندے یو ایس ٹی آر اور سیکریٹری کامرس سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
