وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ہیلتھ سسٹم میں بنیادی اصلاحات کا جامع پلان طلب کر لیا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا انڈسٹریل زون کا دورہ ،نمائش بھی دیکھی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شنگھائی میں جنکو (Jinko) سولر کمپنی کا دورہ کیا، جہاں انہیں اور ان کی ٹیم کو سولر ٹیکنالوجی اور معیاری مصنوعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے چین اور پنجاب کے درمیان سولر ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا اور جنکو کمپنی کو پنجاب میں سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کی پیشکش کی۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی ٹیم سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے لئے ورکنگ کرے گی، جبکہ جنکو کمپنی پنجاب میں چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کرے گی۔ مریم نواز شریف نے پنجاب میں قابل تجدید اور سستی سولر انرجی کے منصوبے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سولر ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے جنکو کمپنی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کمپنی کو گرین انرجی منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت بھی دی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں عوام کے لئے سولر پینلز کے میگا پراجیکٹ کا آغاز ہو چکا ہے۔ توانائی کی طلب اور ماحولیاتی مسائل کے پیش نظر سولر انرجی کی ضرورت انتہائی اہم ہے۔ شمسی توانائی کی پیداوار سے روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے ساتھ بجلی کے اخراجات اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔حکومت پنجاب پائیدار اور سستی توانائی کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے اور عوامی اداروں، رہائشی علاقوں، اور دیہی کمیونٹیز کو سولر انرجی فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

اس کے علاوہوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہانگ چی آؤ امپورٹ کموڈیٹی ایگزیبیشن اینڈ ٹریڈنگ سنٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں نمائش میں رکھی گئی مصنوعات اور مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے نمائش میں رکھی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور خاص طور پر پاکستانی اسٹال کا دورہ کرتے ہوئے پاکستانی پویلین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرنے والے نوجوان تاجروں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے ای کامرس کے شعبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور پنجاب کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ای کامرس کی تفصیلی سٹڈی کریں اور پنجاب میں اس کے فروغ کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس پنجاب میں کاروباری مواقع پیدا کرنے کے ساتھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نوازشریف آئی ٹی سٹی کا قیام پنجاب میں آئی ٹی پروڈکٹس کے فروغ کے لئے کیا جا رہا ہے، جہاں ای کامرس کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو جدید کاروباری رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔مریم نواز شریف نے چین کے ساتھ تجارتی، صنعتی اور تکنیکی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس دورے کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے اہم قرار دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں