آج کی تاریخ

وزیر آئی ٹی کا اعلان گوگل، ہواوے اور مائیکروسافٹ 5 لاکھ پاکستانیوں کو آئی ٹی تربیت دیں گے

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے اعلان کیا ہے کہ گوگل، ہواوے اور مائیکروسافٹ مل کر 5 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ، عوامی وائی فائی کے لیے مخصوص مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ مفت انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد کو پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کا کام جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے وزارت نے اسلام آباد کے تمام پبلک اسکولز، بنیادی صحت مراکز اور پولیس اسٹیشنز کو فائبر آپٹک انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ اگلے چھ سے آٹھ مہینوں میں یہ ادارے فائبرائز ہو جائیں گے۔
مزید برآں، میٹرو بس اور دیگر عوامی مقامات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ وزارت تعلیم بھی اس منصوبے میں بھرپور تعاون کر رہی ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں ایڈ ٹیک کے ذریعے تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
شزا فاطمہ نے بتایا کہ اے آئی اور جدید ٹیکنالوجیز کی تعلیم چھٹی جماعت سے شروع کر کے کنڈرگارٹن تک پہنچائی جائے گی۔ وزیراعظم کا مقصد ہے کہ اسلام آباد کے ہر بچے کو معیاری تعلیم ملے اور یہ منصوبہ گلگت بلتستان اور دیگر دور دراز علاقوں تک بھی پہنچایا جائے گا۔
وزیر نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت ٹیلی میڈیسن کے ذریعے بنیادی صحت مراکز کو انٹرنیٹ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ مریض آن لائن ماہر ڈاکٹروں سے رابطہ کر سکیں۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ پانچ لاکھ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی اسکلز کی تربیت دینے کا ہدف ہے، جس میں گوگل دو لاکھ، ہواوے تین لاکھ اور مائیکروسافٹ دو لاکھ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت بچے اور بچیاں پرائمری سطح پر اے آئی کی تعلیم حاصل کریں گے تاکہ ملکی آئی ٹی افرادی قوت عالمی معیار کے مطابق تیار ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں