آج کی تاریخ

وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری پر بات چیت

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری، ثقافتی منصوبوں اور باہمی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب سرمایہ کاری، سیاحت اور صنعت کے لحاظ سے بھرپور امکانات رکھتا ہے۔ اس موقع پر امریکا کے نئے پولیٹیکل اینڈ اکنامک آفیسر کا بھی تعارف کرایا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ امریکا دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام لائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے حالیہ تباہ کن سیلاب کا مقابلہ بھرپور انداز میں کیا، اور متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت پنجاب کا تاریخی ریلیف پیکیج جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی قدیم ثقافت اور تاریخی ورثے کی بحالی سے صوبہ عالمی سطح پر سیاحت کا مرکز بن سکتا ہے۔ خواتین کے بااختیار بنانے کے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں جبکہ ماحول دوست اقدامات کے باعث لاہور سمیت دیگر شہروں میں فضائی معیار میں بہتری آرہی ہے۔
امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے وزیراعلیٰ کے ای بزنس پراجیکٹ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار قابلِ تعریف ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں