تازہ ترین

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پنجاب کے پہلے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کا شاندار آغاز

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں صحت کے شعبے میں ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے پنجاب کے پہلے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہر گھر تک بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنانا ہے۔
پنجاب ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں صوبے کے مختلف اضلاع سے 55 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسٹیڈیم کے ٹریک کا طویل چکر لگا کر تمام اضلاع سے آنے والی انسپکٹرز کا پرتپاک استقبال کیا اور ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا، جس سے تقریب کا ماحول جوش و جذبے سے بھر گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب مائیں، بہنیں اور بیٹیاں میدان میں نکلتی ہیں تو کوئی طاقت پنجاب کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیاں نہ صرف صوبے کی تقدیر بدلیں گی بلکہ صحت کے نظام میں بھی ایک مثبت انقلاب برپا کریں گی۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلے میں 25 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز فیلڈ میں خدمات انجام دیں گی، جو گھروں تک جا کر بیماریوں کی ابتدائی تشخیص، احتیاطی رہنمائی اور بنیادی علاج فراہم کریں گی۔ حکومت اب بیماریوں کے پھیلنے کا انتظار نہیں کرے گی بلکہ خود عوام کے دروازوں پر جا کر صحت کی سہولیات پہنچائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز بلڈ شوگر چیک کرنے، ابتدائی تشخیصی ٹیسٹ لینے اور انجکشن لگانے کی سہولت بھی فراہم کریں گی، جبکہ ہر خاندان کا ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل بھی تیار کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں علاج اور منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے 25 ہزار افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں اور ہر کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر کو 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے، جبکہ بہتر کارکردگی پر اضافی مراعات اور تنخواہ میں اضافے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ محض ایک ملازمت نہیں بلکہ ایک قومی مشن ہے، جس کے ذریعے قوم کی بیٹیاں گھر گھر جا کر عوام کی خدمت کریں گی، اور ان کی عزت و احترام ہر شہری پر لازم ہے۔
تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، بینڈ کی دھنوں پر کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز نے مارچ پاسٹ کیا اور موبائل فون کی روشنیوں سے مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے بھی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو صحت کے شعبے میں تاریخی قدم قرار دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت پروایکٹو گورننس پر یقین رکھتی ہے اور جدید، مؤثر اور عوام دوست صحت سہولیات ہر شہری تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں