وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر کتنے مقدمات؟ عدالت میں ہوشربا تفصیلات پیش

پشاور: پشاور ہائی کورٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف دائر مقدمات کی تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کر دی گئیں۔ چیف منسٹر کے خلاف مختلف شہروں میں درج مقدمات پر سماعت دو رکنی بینچ جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس صلاح الدین نے کی۔
درخواست گزار کے وکیل عالم خان ادینزی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علی امین گنڈاپور اس وقت اسلام آباد میں موجود ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔
سماعت کے دوران عدالت نے نیب، ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے رپورٹ طلب کی۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل نے بیان دیا کہ علی امین کے خلاف صرف ایک انکوائری زیر التوا ہے جبکہ ایف آئی اے میں ان کے خلاف کوئی انکوائری موجود نہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں ان کے خلاف 32، پنجاب میں 33 اور خیبرپختونخوا میں 8 ایف آئی آرز درج ہیں۔
وکیل کی جانب سے عدالت سے دو ماہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست کی گئی، جس پر جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے ریمارکس دیے کہ چونکہ وہ وزیراعلیٰ ہیں، اس لیے انہیں 40 دن کی حفاظتی ضمانت دی جا رہی ہے۔ عدالت نے 23 مئی تک علی امین گنڈاپور کو حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
اسی دوران پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید کے خلاف درج مقدمات سے متعلق درخواست پر بھی سماعت ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ان کے خلاف اسلام آباد میں 16 مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے فیصل جاوید کو دو ہفتے کی حفاظتی ضمانت دے کر نیب اور صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں