آج کی تاریخ

وزیراعظم کا معیشت کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور کیش لیس اکانومی کی جانب بڑا قدم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے اور کیش لیس اکانومی کے قیام کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی، جس کی صدارت وہ خود کریں گے۔
اس اعلیٰ کمیٹی کا بنیادی مقصد ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنا ہے، جس کا جائزہ ہر ہفتے لیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، شزہ فاطمہ، بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کے لیے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، جبکہ عوامی سطح پر کیش لیس ٹرانزیکشنز کو فروغ دینے کے لیے بھی متعدد اقدامات زیر عمل ہیں۔ وزارت خزانہ اور آئی ٹی کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل نظام معیشت کی شفافیت اور رفتار میں بہتری کا ذریعہ بنے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل مالیاتی نظام نہ صرف غیر رسمی معیشت کے خاتمے میں مدد دے گا بلکہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دے کر شفافیت کو فروغ دے گا۔ رمضان المبارک میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے امدادی رقوم کی شفاف ترسیل اس نظام کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ معاشی اصلاحات کی بدولت مہنگائی میں کمی آئی ہے، ترسیلات زر بڑھی ہیں اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی نشانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ٹیم کی محنت کے نتائج مثبت انداز میں سامنے آ رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں