آج کی تاریخ

وزیراعظم کا زرعی اصلاحات اور پیداوار میں اضافے کے لیے جامع منصوبہ طلب

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی پیداوار بڑھانے اور دیرپا زرعی اصلاحات کے لیے فوری طور پر جامع حکمتِ عملی طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق زرعی شعبے کی کارکردگی اور جاری اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیراعظم نے خود کی۔ اجلاس میں فصلوں کی سابقہ پیداوار، کسانوں کو درپیش چیلنجز، آئندہ اقدامات اور مجوزہ تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
زرعی شعبے پر قائم ٹاسک فورس نے وزیراعظم کو ربیع و خریف کی اہم فصلوں، حکومتی اصلاحات کی پیش رفت اور موسمیاتی تبدیلی کے زرعی اثرات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، زرعی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ زرعی شعبے میں جدید مشینری، اعلیٰ معیار کے بیج، فصلوں کی جغرافیائی منصوبہ بندی اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے لیے طویل و قلیل المدتی منصوبہ بندی جلد مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیقی مراکز کو فعال بنانے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید تحقیق کے فروغ اور بین الاقوامی ماہرین سے استفادہ کو یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ اور کسانوں کی رہنمائی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، ساتھ ہی چھوٹے و درمیانے درجے کی زرعی صنعت کو فروغ دینے کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے صوبائی حکومتوں سے روابط بڑھانے، کلائیمیٹ رزسٹنٹ بیجوں کے استعمال، اور جدید کاشت کاری کے طریقوں کو اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے سندھ اور بلوچستان میں کپاس کی کاشت کے لیے جامع منصوبہ بندی اور نباتاتی ایندھن کو توانائی کے نظام میں شامل کرنے پر تحقیق کی ہدایت بھی دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں