وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں زیر تعمیر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا اور منصوبے کی سست رفتار تعمیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ آئی ٹی پارک کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور عالمی معیار کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ذمہ داران اپنی رفتار تیز کریں تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد عملی شکل اختیار کرے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی پارک میں 2 زیر زمین، گراؤنڈ اور 9 بالائی منزلیں شامل ہوں گی، جن میں دفاتر، انکیوبیشن سینٹر، بزنس سپورٹ سینٹر، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ لیبارٹریز، لیول تھری ڈیٹا سینٹر، آڈیٹوریم اور 1,200 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت موجود ہوگی۔
مزید بتایا گیا کہ آئی ٹی پارک کا مقصد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا، معاشی ترقی کو فروغ دینا، عالمی آئی ٹی مسابقت میں اضافہ کرنا اور ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنا ہے۔
