اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی پرو ہاکی لیگ میں ممکنہ شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو اس معاملے پر سفارشات مرتب کرے گی۔
یہ کمیٹی گیارہ اگست کو اجلاس منعقد کرے گی، جس کے بعد وزیراعظم موصولہ سفارشات کی روشنی میں قومی ہاکی ٹیم کی لیگ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کریں گے۔ کمیٹی میں سیکریٹری انٹر پروونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی)، سیکریٹری خزانہ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نمائندگان شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان کو باضابطہ طور پر پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اس ایونٹ میں شرکت کے لیے 35 کروڑ روپے کی گرانٹ کی درخواست کی ہے، جو قومی ٹیم کے سفر، رہائش، ڈیلی الاؤنسز اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے درکار ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا مجاہد نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرو ہاکی لیگ میں شرکت پاکستان میں ہاکی کے احیاء کا باعث بنے گی اور اس سے ایک نیا دور شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ہاکی کو گراس روٹ سطح پر فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
