اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو پولیو سے مکمل پاک بنانے اور ہر بچے کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے پرعزم ہونے کا اظہار کیا ہے۔
انسداد پولیو کی ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں انسداد پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس سمیت گلوبل ڈیویلپمنٹ اور گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام مشکلات کے باوجود بین الاقوامی، صوبائی اور مقامی ٹیموں کی مدد سے جلد پولیو کے خاتمے کا ہدف حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں دی جائیں تاکہ ملک میں پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
شہباز شریف نے فرنٹ لائن ورکرز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کو پولیو کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ انسداد پولیو کے پروگرام میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
اجلاس میں حکام نے بتایا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر شراکت داروں نے پولیو مہم میں اہم کردار ادا کیا ہے اور جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی مہمات ترتیب دی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، انسداد پولیو کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق، صوبوں اور دیگر وفاقی اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
