اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح تک پہنچنا سمندر پار پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا غماز ہے۔
پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے ترسیلات زر کا ایک ہی ماہ میں 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرنا تاریخی سنگ میل ہے، جس پر وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔
مارچ 2025 میں ترسیلات زر 4.1 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو کہ ایک ماہ میں سب سے زیادہ رقم ہے، جبکہ رواں مالی سال اب تک 28 بلین ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہو چکی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مارچ 2024 کے مقابلے میں اس سال مارچ میں ترسیلات زر میں 37.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسلام آباد میں جاری اوورسیز پاکستانیز کنوینشن کے موقع پر ترسیلات زر میں اس ریکارڈ اضافے کا آنا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی محنت، جذبہ اور ملکی معیشت پر اعتماد کا عکاس ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی نہ صرف اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی مستحکم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اور ہم سب کو اپنے محنتی تارکین وطن پر فخر ہے۔ حکومت پاکستان ان پاکستانیوں کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔







