وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، جنگ بندی پر مبارکباد اور مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، جنگ بندی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ رابطہ نہایت خوشگوار ماحول میں ہوا اور تقریباً 45 منٹ سے زائد جاری رہا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی پر ایرانی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور مذاکرات کے باقاعدہ آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت کی بصیرت اور دانشمندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا فیصلہ خطے میں امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات پر بھی بات چیت کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے فیصلے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار بھی کیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے کو جاری رکھنے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں