آج کی تاریخ

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی فوری تنظیم نو کا حکم دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے قانونی، انتظامی اور دیگر ادارہ جاتی اختیارات و فرائض کی فوری طور پر تنظیم نو کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیشن کی موجودہ کارکردگی کی تھرڈ پارٹی جانچ کی جائے تاکہ اسے زیادہ موثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کو نئی ٹیرف پالیسی کے تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر ترتیب دینا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ کمیشن کے پاس ملکی کاروبار، درآمدات و برآمدات کے تمام حقائق جمع کرنے کی مکمل صلاحیت ہونی چاہیے۔ نیشنل ٹیرف کمیشن کی خودکار اور تحقیقی قابلیت ملک کی معیشت کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کمیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، اس کی تربیت اور وسائل کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے اپیلیٹ ٹربیونل کو فوری فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئی ہدایات پر عملدرآمد کی رپورٹ اگلے ماہ پیش کی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں