اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاک-برطانیہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم اور وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ رواں سال کے آخر میں برطانوی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان حالیہ تجارتی مذاکرات مثبت سمت میں ایک قدم ہیں اور باہمی مفادات کو فروغ دینے کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں برطانیہ کے ساتھ جاری تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر بامعنی مذاکرات کی پیشکش دہرائی اور اس ضمن میں کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے کردار کو سراہا۔
ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے حالیہ لندن کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران پاک-برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم مشاورتی عمل مکمل کیا گیا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی معاشی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں میکرو اکنامک اعشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
