وزیراعظم شہباز شریف ایران کے بعد آذربائیجان پہنچ گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد آذربائیجان کا رخ کر لیا۔ وزیراعظم ترکیہ اور ایران کے دوروں کے بعد آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچے ہیں، جہاں وہ سہ فریقی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس اجلاس کے بعد ان کا اگلا پڑاؤ تاجکستان ہوگا۔
لاچین ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف، پاکستان کے آذربائیجان میں سفیر قاسم محی الدین، اور دیگر سفارتی نمائندوں نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم سہ فریقی اجلاس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ہمراہ شرکت کریں گے، اس کے علاوہ آذربائیجان کے صدر سے دوطرفہ ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
اس سے قبل تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، ایران میں پاکستان کے سفیر رضا امیری مقدم، اور پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کو الوداع کیا۔
وزیراعظم نے ایران میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، اور علاقائی روابط کو فروغ دینے جیسے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کے تناظر میں ایران کی قیامِ امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور فوری و پائیدار جنگ بندی پر زور دیا۔
پاکستان اور ایران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی اعتماد، بھائی چارے، اور خطے میں امن و ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
یہ دورہ وزیراعظم کے 4 ملکی سفارتی مشن کا تیسرا مرحلہ ہے، جس کے بعد وہ تاجکستان روانہ ہوں گے، جو پاکستان کی فعال سفارت کاری اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی ایک اور اہم کڑی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں