وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ روانگی سے قبل اور فضائی معائنے کے دوران وزیراعظم کو چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، زیرآب علاقوں اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ فضائی جائزے کے موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ لاہور سے نارووال روانہ ہوئیں۔ سفر کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان سیلابی صورتحال اور جاری ریلیف اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے مسلسل بریفنگ فراہم کرتے رہے۔
نارووال پہنچنے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو متاثرہ علاقوں، متاثرین کی امداد، بحالی کے منصوبوں اور آئندہ حکمتِ عملی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی جائے گی۔
