اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اہم ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق اس ملاقات میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور امریکی سیاسی شخصیت جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کے ہمراہ شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وائٹ ہاؤس نے بھی اس ملاقات کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے وفود کی تعمیری اور مثبت مذاکراتی عمل میں شرکت کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد میں جاری مذاکرات خطے میں دیرپا امن کی طرف ایک اہم پیشرفت ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات فریقین کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔







