اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر اجے بنگا اور سابق کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہسین کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) میں فعال کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے توانائی، انسانی وسائل، ماحولیاتی تبدیلی اور گورننس اصلاحات جیسے اہم شعبوں میں عالمی بینک کے تعاون کو پاکستان کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کی روشنی میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے 2022 کے سیلاب کے دوران عالمی بینک کی فوری مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مدد سے ریلیف، بحالی اور تعمیر نو میں بڑی مدد ملی۔
عثمان ڈیون نے وزیراعظم کی قیادت میں جاری اقتصادی اصلاحات کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ ورلڈ بینک کی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے آنے والے سالوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان کے عوام کے لیے پائیدار اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے عزم کا اظہار کیا۔
