وزیراعظم سے افینیٹی کے وفد کی ملاقات، پاکستان میں آئی ٹی سرمایہ کاری پر گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی افینیٹی کے سی ای او جیرومی کیپیلس کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان کی باصلاحیت آئی ٹی افرادی قوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افینیٹی کو پاکستان میں عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت آئی ٹی شعبے کی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔
افینیٹی کے سی ای او جیرومی کیپیلس نے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی مہارت اور محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت افینیٹی پاکستان میں ایک ہزار سے زائد قابل اور باصلاحیت پاکستانی ماہرین کی خدمات حاصل کیے ہوئے ہے، جو کمپنی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تربیت یافتہ افرادی قوت کی بدولت افینیٹی خطے کی ایک نمایاں کمپنی بن چکی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں