آج کی تاریخ

وزیراعظم آزاد کشمیر کا بھارت کو دوٹوک پیغام: سرحدی خلاف ورزی پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا

آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے بھارتی عزائم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی کی جرأت نہیں، اور اگر کبھی ایسی حماقت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت چانکیہ ڈاکٹرائن اور “بغل میں چھری، منہ میں رام رام” کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کا جعلی بیانیہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔
چوہدری انوار الحق نے خبردار کیا کہ بھارت آزاد کشمیر کے اندر تخریب کاری کے لیے کسی تیسری قوت کو استعمال کر سکتا ہے، لیکن اگر ایسا ہوا تو دفاع کا بھرپور حق استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی آبی جارحیت اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے شواہد عالمی سطح پر موجود ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مودی حکومت نے کینیڈا سے کشمیر تک ریاستی دہشتگردی کو بطور پالیسی اپنایا ہوا ہے، جس کے باعث بھارت کی اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو وہ جمہوری آزادی حاصل نہیں جو آزاد کشمیر میں موجود ہیں، اور ہمارے پرچم کے پیچھے پاکستان کے پرچم کی طاقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، جس کی سرحدوں کی خلاف ورزی کوئی ملک کرنے کی جرات نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر وقت دفاع کے لیے تیار ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔
انہوں نے قوم سے یکجہتی، سیاسی ہم آہنگی، اور افواج پاکستان کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑے ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں